کویتی وفد کا بیگ چوری کرنے پر سرکاری افسر گرفتار

Last Updated On 29 September,2018 09:30 am

اسلام آباد ( روزنامہ دنیا) کویتی وفد کا بیگ چوری کرنے پر سرکاری افسر کو گر فتار کر لیا گیا، تاہم تھانہ سیکریٹریٹ نے افسر کے خلاف ایف آئی آر اور گرفتاری ظاہر نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار میں تعینات جوائنٹ سیکرٹری ضرار حیدر نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں کویتی وفد کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے بعد کویتی وفد نے پرس اور بیگ کے گم ہونے کی شکایت پاکستانی حکام سے کی، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن غضنفر جیلانی نے اجلاس میں شریک تمام پاکستانی افسروں سے بیگ اور پرس کی گمشدگی کے بارے میں پوچھا لیکن اجلاس میں شریک تمام افسروں نے اس سے لاتعلقی ظاہر کی۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے حساس اداروں کو اس معاملہ کی چھان بین کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ اداروں نے جب ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا تو جوائنٹ سیکرٹری ضرار حیدر مذکورہ بیگ اور پرس کو چوری کرتے ہوئے پائے گئے اور بعد میں حساس اداروں نے چھاپہ مار کر مذکورہ افسر سے بیگ اور پرس برآمد کر لیا۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے گزشتہ روز رات گئے مذکورہ افسر کے خلاف تھانہ سیکرٹیریٹ میں ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات دئیے ۔ وزارت اقتصادی امور کے ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر کو اسلام آباد پولیس نے گرفتارکرلیا ہے ۔ اس سلسلے میں جب تھانہ سیکریٹریٹ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج اور مذکورہ افسر کی گرفتاری کی تصدیق کرنے سے انکارکردیا۔