اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں سیاسی اور عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات، ملکی سیکیورٹی اور بھارتی دھمکیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم اور آرمی چیف نے خطے میں امن کے لیے کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں عسکری قیادت نے وزیرِاعظم کو دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشنز، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور بھارتی دھمکیوں کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
آرمی چیف نے دورہ چین کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں کے حوالے سے بھی وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن وسلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔