اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے قوم سے کیا ہوئے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کرے گی۔
وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں انھیں منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم آئندہ ماہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے افتتاح کے ساتھ ہی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔ اجلاس میں وزیرِاعظم کو کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔