لاہور: ( روزنامہ دنیا) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بیوروکریسی کے تبادلوں و تقرری کیلئے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ پالیسی پر عمل درآمد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژن، محکموں اور صوبوں میں 10 سال سے تعینات افسران کو دوسرے صوبوں میں بھجوایا جائے گا اور پانچ سال سے تعینات افسران کے تبادلے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کے تحت آئندہ دو ماہ میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں کی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق پولیس سروس، پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس، سیکرٹریٹ سروس، آڈٹ اینڈ اکائونٹس، ریلوے، انفارمیشن سروس، خارجہ امور، کامرس اینڈ ٹریڈ سمیت دیگر سروس کیڈر کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی 10 سال سے زائد کسی وزارت ، ڈویژن ، محکمے اور صوبے میں تعیناتی نہیں کی جائے گی اور پانچ سال سے ایک اسامی پر تعینات افسران کو کسی دوسری اسامی پر تعینات کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی کے مطابق صوبوں میں 10 سال سے تعینات گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو فوری طور پر دوسرے صوبوں، وفاقی وزارتوں، ڈویژن اور محکموں میں تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی منظور کردہ پالیسی پر عمل درآمد کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے صوبائی حکومتوں کومراسلے لکھ دئیے ہیں جس میں گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی تعیناتی کی تفصیل طلب کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پولیس سروس، پاکستا ن ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی فہرست تیار کرنا شروع کردی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژن اور محکموں میں 5 تا 10سال سے تعینات افسران کے تبادلوں کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا ہے۔