پاکستان اور امریکا کا ازسر نو دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق

Last Updated On 25 September,2018 08:48 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی صدر سے ملاقات، نئے سرے سے دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق، ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

امریکا کے دورے پر گئے پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان نئے سرے سے دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے وزیرِ خارجہ سے بات چیت میں وزیرِاعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات گزشتہ رات استقبالیہ کے دوران ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات پر گفتگو کا موقع ملا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ازسر نو آغاز چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کی اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان کے بارے میں مائیک پومپیو نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دو تاریخ کو مائیک پومپیو سے دوسری ملاقات طے ہوئی ہے۔