لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبر پختونوا یکساں بلدیاتی نظام لانے، میئر اور ڈسٹر کٹ کونسل چیئرمین کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر براہ راست کرانے پر متفق ہو گئے ہیں۔
نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت پنجاب اورخیبر پختونخوا کے متعدد اجلاس منعقد ہوئے جس میں دونوں صوبوں نے اپنے مسودات قانون تجویز کئے تاہم طویل تر مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونوا کا یکساں بلدیاتی نظام پر اتفاق ہو گیا ہے۔
دونوں صوبے میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر کرانے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے نچلی سطح پر دیہی علاقوں میں ویلیج کونسل اور شہری علاقوں میں ہمسایہ کونسل کا انتخاب غیر جماعتی بنیاد پر کرانے پر بھی اتفاق کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں کا میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین کا انتخاب براہ راست کرانے پر اتفاق سامنے آ گیا ہے۔ کے پی اور پنجاب کے درمیان صرف ایک معاملے پر اتفاق ہونا باقی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی میں یونین کونسل کے حوالے سے اتفاق ہونا باقی ہے۔ خیبر پختونخوا دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام چاہتا ہے جبکہ پنجاب دیہی سطح پر ڈسٹرکٹ کونسل اور ویلیج کونسل کا نظام چاہتا ہے۔
اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے دوبارہ اعلیٰ سطح اجلاس بلایا جائے گا اور دونوں صوبوں کو اکٹھے بٹھا کر حتمی فیصلے کااعلان کیا جائے گا۔