اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ بڑا چیلنج ہے، کامیابی حاصل کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا، جس میں وزرائے اعلیٰ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر دفاع، وزیر خزانہ و داخلہ اور نیکٹا کے کوآرڈینیٹر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے مابین روابط بہتر بنانے پر بریفنگ دی گئی، نیکٹا کو مزید فعال بنانے سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا، دہشتگردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں، انٹیلی جنس اداروں میں موثر رابطوں کی ضرورت ہے، پاکستان دہشتگردی کیخلاف طویل عرصہ سےحالت جنگ میں ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فورسز اور شہریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں انٹیلی جنس اداروں کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں، سکیورٹی اداروں کی بدولت ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا اس سے پہلے نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کبھی نہیں ہوا، گزشتہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث نیکٹاغیر فعال رہا، نیکٹا کو موثر ادارہ بنانے کی ضرورت ہے۔
نیکٹا کے کردار کا ازسر نو جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی ایک ہفتہ میں اپنی سفارشات وزیراعظم کوپیش کرے گی۔