اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعطم نے رہنما عوامی تحریک کو سانحہ ماڈل ٹاون کے معاملے پر انصاف کی یقین دہانی کروائی.
وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والوں کو انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو نظام عدل سے فرار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا قانون کے یکساں نفاذ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، دیوانی و فوجداری مقدمات میں فوری انصاف تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی یقینی بنائیں، واقعے میں ملوث افراد کو مناصب سے الگ کر کے بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا وزیراعظم نے ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کا نشانہ بننے والے خاندانوں کو امید کی کرن دی ہے، قانون کی بالادستی کیلئے وزیراعظم کا ویژن قابل تحسین ہے، انصاف کی امید دلانے پر وزیر اعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔