کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں لیاری گینگ وار کے نام پر بھتہ مانگنے والے ملزمان کی فائرنگ سے تاجر کے زخمی ہونے کے واقعہ کا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، دنیا نیوز نے تاجر کو موصولہ کال کی تفصیلات حاصل کر لیں۔
جمشید کوارٹرز کراچی میں تاجر کی گاڑی پر فائرنگ کا معاملہ بھتہ خوری کا شاخسانہ نکلا۔ زخمی ہونے والے تاجر کے بھائی کاشف کو بین الاقوامی نمبر سے کال موصول ہوئی۔ زاہد لاڈلہ نامی کالر نے 50 لاکھ بھتہ طلب کیا تھا، عدم ادائیگی پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ دہشتگردی اور بھتہ خوری کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کہتے ہیں کہ فائرنگ کے ٹھیک 27 منٹ بعد گینگ وار ملزمان نے واٹس اپ پر تاجر کو دوبارہ دھمکی دی ہے۔ جس میں کہا گیا کہ تعاون نہ کیا تو سنگین تنائج بھگتنا پڑیں گے، یہ بھی کہا کہ پولیس کسی کو نہیں بچا سکتی۔