لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں کیچپ اور میونیز تیار کرنے والی 35 فیکٹریوں پر چھاپے مار کر خطرناک کیمکلز استعمال کرنیوالے 2 یونٹس سیل اور ناقص صفائی انتظامات پر 25 یونٹس کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
فوڈ اتھارٹی نے کیچپ اور میونیز کی تیاری میں مضرصحت اجزا اور ٹیکسٹائل کلرز سمیت خطرناک کیمکل کی ملاوٹ کرنیوالی 2 فیکٹریاں سربمہر کر دیں۔ چھاپہ مار ٹیموں نے صوبے بھر میں کارروائیاں کیں اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 25 فیکٹریوں کو نوٹس دے دیئے، قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھنے پر سیل کرنے کی وارننگ بھی دیدی گئی۔
معروف تعلیمی ادارے کی کینٹین کو بھی کھانے پینے کی ناقص اشیا رکھنے اور مناسب صفائی نہ ہونے کے سبب سیل کر دیا گیا جبکہ گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران تیار مال قبضے میں لے لیا گیا۔