پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور میں کارروائی کے دوران پولیس پر حملوں میں مطلوب 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق پجگی روڈ پر کارروائی کے دوران پولیس پر حملوں میں مطلوب دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان فضل کریم اور حسن شاہ کے قبضے سے 2 دستی بم، دو نائن ایم ایم پستول اور چودہ کارتوس برآمد ہوئے، ملزم حسن شاہ بورڈ بازار پشاور میں پولیس وین پر فائرنگ میں مطلوب تھا جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو راہ گیر زخمی ہوئے تھے، ملزموں کو مزید تفتیش کےلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہمسایہ ملک افغانستان سے دہشتگردوں کی در اندازی اور غیر قانونی اسلحے کی سمگلنگ بڑے پیمانے پر جاری تھی جس کو روکنے کیلئے پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع کیا ہے جو رواں سال مکمل ہونے کا امکان ہے۔