پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے حسد کی بناء پر قریبی رشتہ دار پندرہ سالہ طالب علم کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے رہن سہن بہتر ہونے کہ وجہ سے رشتہ دار کو قتل کیا۔
پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں چند یوم قبل آٹھویں جماعت کے طالب علم ابوہریرہ کو نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر کے قتل جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی کر دیا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران اے ایس پی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد پولیس نے جدید خطوط پر تفتیش کے بعد مبینہ ملزم عمیر کو گرفتار کرکے اسکی نشاندہی پر آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی ۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کا تعاون بھی حاصل رہا۔