کوئٹہ: (دنیا نیوز) کسٹم نے مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ چمن پسنجر اور کولپور چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا۔
کلیکٹر کسٹم اشرف علی کی ہدایت پر چمن سے کوئٹہ آنے والی ٹرین پر چھاپہ مار کر ٹرین سے سمگل شدہ غیر ملکی کمبل اور کپڑا، ایل سی ڈی اور ٹائرز سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
کارروائی کے دوران ایف سی بلوچستان بھی کسٹم کے ہمراہ تھی۔ ایک اور کارروائی میں گزشتہ روز کولپور چیک پوسٹ پر ایک ٹرک کو روکا گیا جس میں 200 پارسلز چھالیہ برآمد کر لیا جس کی قیمت دو کروڑ سے زائد ہے۔
کسٹم نے ٹرک کو بھی قبضے میں لے لیا۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ کسٹم کی یہ کارروائیاں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے تواتر کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ ملکی معشیت کو مضبوط بنانے میں اپنا کر دار ادا کر سکے۔