لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقہ نصیر آباد سے اغواء ہونے والے ڈاکٹر کے قتل کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے 3 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ نشاندہی کے باوجود مقتول کی لاش نہ مل سکی۔
نصیر آباد کے رہائشی مقامی نجی ہسپتال کے ڈاکٹر وسیم کو 22 جنوری کو نامعلوم ملزموں نے اغواء کیا تو اہلخانہ نے مقامی تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران 3 ملزموں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جنہوں نے ڈاکٹر کے قتل کے بعد لاش گلشنِ راوی کے گندے نالے میں بہانے کا اعتراف کیا تاہم پولیس کی جانب سے مذکورہ نالے میں لاش تلاش کی گئی لیکن کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد بھی مغوی کی لاش نہ مل سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے مغوی کے اکاؤنٹ سے بھاری رقم بھی اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کا انکشاف کیا ہے تاہم ان سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔