اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی پولیس کے 43 افسر جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی میں ملوث نکلے، سولہ تھانیداروں سمیت سبھی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، مستقبل میں کبھی آپریشن ڈیوٹی پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔
شہر اقتدار کی مثالی پولیس کے قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں سے گٹھ جوڑ کا انکشاف، آئی جی کا کلین اپ آپریشن، 4 ایس پی، 23 ڈی ایس پی اور 16 ایس ایچ او عہدوں سے فارغ، وزارت داخلہ سے کالی بھیڑوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی سفارش کر دی۔
آئی جی عامر ذوالفقار خان نے جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی پر جن افسران کے خلاف کارروائی کی ہے ان میں اسلام آباد کے 22 میں سے 16 تھانوں کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ 43 افسران کو تھانوں سے ہٹا کر سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہیں آئندہ آپریشنل ڈیوٹی پر تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجرم دوست پولیس افسران کے خلاف رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔