پشاور: (دنیا نیوز) کرک میں خواجہ سراؤں کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک خواجہ سرا جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، زخمی خواجہ سراؤں کو کوہاٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کرک کے تحصیل بانڈہ کے علاقہ جٹہ اسماعیل خیل میں ہمدان نامی شخص کے حجرے میں محفل موسیقی پروگرام منعقد ہوا جس کے لئے پشاور خواجہ سراؤں کو مدعو کیا گیا تھا۔ رات 2 بجے تک محفل کے بعد جب خواجہ سراء واپس جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے جہانگیر نامی خواجہ سراء جسکا تعلق مانسہرہ سے تھا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
2 خواجہ سرا شدید زخمی ہوئے، جن میں سے مشتاق کا تعلق پشاور جبکہ ارشد کا تعلق صوابی سے ہے۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے ہر ڈی پی او نوشیر خان ایس پی انویسٹی گیشن عبدالرشید پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔