پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے جعلی ایکسائز اہلکار بن کر موبائل تاجر سے سینکڑوں موبائل فون لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی رورل طارق حبیب کے مطابق ملزمان نے جعلی ایکسائز اہلکار بن کر اسلحہ کی نوک پر تاجر کو لوٹا تھا۔ گرفتار ملزموں سے 622 قیمتی موبائل فون، جعلی گرین نمبر پلیٹ لگی گاڑی اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان موبائل فون افغانستان سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملزموں نے تحقیقات کے دوران اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد کئے گئے موبائل فونز کی مالیت 60 لاکھ بتائی جا رہی ہے۔