فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد سبزی منڈی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ایک ظہور نامی نوجوان جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے، زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر سیالکوٹ سٹی اور اوکاڑہ میں بھی چوروں کا راج ہے۔ پہلی واردات شہاب پورہ روڈ پر سنوکر کلب میں ہوئی جہاں چوروں نے قیمتی ایل سی ڈی، لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان چوری کیا، ان ہی چوروں نے تھانہ کوتوالی کے علاقے مجاہد روڈ پر واقع ندیم نامی شخص کے دفتر سے ایک لاکھ 75 ہزار نقدی، 3 لیپ ٹاپ چوری کئے اور فرار ہو گئے۔ سٹی پولیس فوٹیج میں چہرے واضح نظر آنے کے باوجود ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
چوری کی تیسری واردات اوکاڑہ میں ہوئی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 4 چور موبائل شاپ میں داخل ہوئے اور موبائل خریدنے کے بہانے 3 نوسربازوں نے دکاندار کو باتوں میں الجھا لیا، چوتھے ساتھی نے کمال ہوشیاری کے ساتھ قیمتی موبائل اٹھائے اور یہ جا وہ جا۔