کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث تین ملزمان کو رینجرز کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ گرفتار ملزمان نے یکم مارچ کو کھڈا مارکیٹ میں جنرل سٹور کے قریب دستی بم اور پمفلیٹ پھینکا تھا، اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
بھتہ خوروں کیخلاف رینجرز پھر متحرک ہو گئے، یکم مارچ کو لیاری کے علاقے میں جنرل سٹور کے قریب دستی بم پھینکنے والے ملزمان قانون کے شکنجے میں آ گئے۔ لیاری اور گارڈن میں رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان عبد العزیز، ماجد اور سہیل عرف اکرم کو گرفتار کر لیا۔ بھتہ خوروں نے کھڈا مارکیٹ میں جنرل سٹور کے مالک سے 3 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، نہ ینے پر یکم مارچ کو دستی بم اور کالعدم تنظیم کا پمفلٹ پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان سے دستی بم، ڈیٹونیٹر، کلاشنکوف، 9 ایم ایم، آوان لانچر اور آوان بم برآمد ہوئے۔ ملزمان کاتعلق گینگ وار شیراز ذکری گروپ سے ہے جنہوں نے غیر ملکی نمبر سے واٹس ایپ گروپ بھی بنا رکھا تھا۔