کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم نذیر کے دو دوستوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیرحراست میاں حسن اور بلال رات اڑھائی بجے تک نذیر کیساتھ تھے۔
پولیس حکام کے مطابق زیرحراست میاں حسن اور بلال کے بیانات لیے گئے ہیں۔ ملزم نذیر ہفتے کی رات دس بجے اپنے دوستوں سے کلفٹن میں ملا۔ ملزم نذیر اور اس کے دوست کلفٹن میں نشہ کر کے رات اڑھائی بجے روانہ ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی رات سوا تین بجے پیش آیا۔ ملزم نذیر کے ساتھی ڈیفنس اور گلستان جوہر کے رہائشی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم نذیر کا ایک گھر قندھار، دوسرا دالبندین اورتیسرا ڈیفنس کراچی میں ہے۔
زیرحراست دونوں دوستوں کا تعلق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے ہے۔ ملزم کا ڈرائیونگ اور اسلحے کا لائسنس پاکستانی ہے۔ واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں اور ملزم سے ملنے والا لائسنس بھی نائن ایم ایم پستول کا ہے۔