لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سنگین جرائم میں خوفناک اضافہ

Last Updated On 09 April,2019 02:14 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) 35 افراد ڈکیتی قتل کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ڈکیتی اور وہیکلز چوری کے 7400 واقعات، لاہور میں 2950 وارداتیں، مختلف واقعات میں 95 افراد قتل ہو گئے۔

 

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سنگین جرائم میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ رواں تین ماہ کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں 755 افراد قتل ہوئے جن میں سے 35 افراد ڈکیتی قتل کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ ڈکیتی، چوری اور دیگر وہیکلز چوری کے 74 سو واقعات ہوئے۔

ڈکیتی، چوری اور گاڑیاں چوری کی وارداتیں سب سے زیادہ 2950 لاہور میں ہوئیں۔ لاہور میں مختلف واقعات میں 95 افراد قتل ہوئے۔ گزشتہ سال پنجاب میں قتل کے 722 اور ڈکیتی قتل کے 20 واقعات ہوئے تھے۔

اس طرح رواں سال گھروں، دکانوں اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال گھروں میں داخل ہو کر لوٹ مار کرنے کے 190 واقعات شامل ہیں جبکہ گزشتہ سال گھروں میں ڈکیتی کے 177 واقعات ہوئے تھے۔

ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کے 36 سو واقعات ہوئے تھے۔ لاہور میں 1250 واقعات ہوئے۔ گزشتہ سال ڈکیتی، چوری اور گاڑیاں چوری کی وارداتیں 7 ہزار کے قریب تھیں۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وارداتوں میں اضافہ نہیں ہوا، پنجاب پولیس کا کرائم پر مکمل کنٹرول ہے۔