پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے چمکنی میں خفیہ آپریشن کے دوران چار اغوا کاروں کو گرفتار کرتے ہوئے زنجیروں میں جکڑے دو مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ اہل خانہ پیاروں کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔
پولیس نے پشاور کے علاقے چمکنی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران چار اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران زنجیروں میں جکڑے دو مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مغویوں کو تین ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا اور رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اغوا کاروں کی جانب سے عدم ادائیگی پر سنگین تنائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔
مغویوں کے مطابق اغوا کار نشے کے انجکشن لگاتے تھے اور تین ماہ سے دن کی روشنی تک نہیں دیکھی۔ مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر اہل خانہ اپنے پیاروں کو صحیح سلامت پا کر آبدیدہ ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار اغوا کاروں کا تعلق ضلع کرم سے ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔