کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ماں اور 2 بچوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا، لاشیں گھر سے ملیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچوں اور والدہ کو تیزدھار آلہ سے قتل کیا گیا۔
انسانیت سوز واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے گلشن بہار میں پیش آیا جہاں گھر سے ماں اور دو بچوں کی لاشیں ملیں، واقعے کے وقت علاقے میں بجلی نہیں تھی۔ مقتولہ کے شوہر کی چیخ پکار کے بعد علاقہ مکین جمع ہوئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا، کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم نے والد اور دیگر افراد کے بیانات قلمبند کئے۔ عزیز و اقارب کے مطابق مقتولہ کے شوہر کی گھر کے قریب درزی کی دکان تھی۔ خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
تینوں مقتولین کی لاشوں کا جناح ہسپتال میں پوسٹ مارٹم بھی مکمل کر لیا گیا۔ ایم ایل او کے مطابق بچوں اور والدہ کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ماں اور بچوں کے قتل میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، مقتولین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔