کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، کورنگی بلال کالونی میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ رضیہ زندگی کی بازی ہار گئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا۔
بلال کالونی کی 4 سالہ رضیہ کو تیز بخار ہونے پر مقامی ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹر نے انجکشن لگایا جو موت کا سبب بن گیا، بچی کے باپ نے دنیا نیوز کو بتایا کہ میرے انکار کے باوجود ڈاکٹر نے انجکشن لگا دیا۔ غم سے نڈھال بچی کی ماں نے بتایا رضیہ کی موت انجکشن کے باعث ہوئی۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر نے بچی کو سیپوٹیکس کا انجکشن لگایا جس سے بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کرائے بغیر ورثا بچی کی لاش گھر لے گئے۔ واقعے میں ملوث ڈاکٹر عمران کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔