بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں لوٹ مار کرنیوالا سرغنہ گرفتار

Last Updated On 22 April,2019 09:59 am

صادق آباد: (دنیا نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو فراڈ کے ذریعے لوٹنے والے گروہ کا سرغنہ فاروق چانڈیا گرفتار، 95 لاکھ روپے سے زائد رقم کا خورد برد کیا گیا۔

اے ایس پی صادق آباد حفیظ الرحمان بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین کو حکومتی امداد ملتی ہے۔ کچھ عرصہ سے پولیس کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ خواتین کی امدادی رقم جعلی انگوٹھے لگا کر غائب کی جا رہی ہے جس کی تحقیقات پر پتا چلا کہ پروگرام کے افسران کی ملی بھگت سے فاروق چانڈیا اور اس کا گروہ متحرک ہے جو کہ حاصل کردہ ڈیٹا کی مدد سے مستحق خواتین کی جگہ کم عمر بچوں کی انگلیوں کی بائیو میٹرک کراتے جو کہ چالیس فیصد میچ کرنے پر رقم منتقل ہو جاتی۔

حفیظ الرحمان بگٹی نے بتایا کہ ملزم اب تک 95 لاکھ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کر چکا ہے جس کو گرفتار کرکے ساڑھے چھ لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔

اے ایس پی نے انکشاف کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صادق آباد کے انچارج اور دیگر عملہ کو دو بار کہا گیا کہ متاثرین کی شکایت اور ڈیٹا ہمیں فراہم کیا جائے اور اپنے ڈیٹا کی لیکج کو روکا جائے مگر حیران کن طور پر ادارہ کی جانب سے پولیس کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر متاثرین خواتین میں ملزم سے برآمد شدہ رقم تقسیم کی گئی۔