کراچی: (دنیا نیوز) کراچی یونیورسٹی روڈ پر ڈیڑھ سالہ احسن کے قتل میں ملوث چاروں پولیس اہلکاروں کو سی ٹی ڈی نے تحویل میں لے لیا۔ اہلکاروں کے بیانات دوبارہ قلمبند کیے جائینگے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی روڈ پر ڈیڑھ سالہ احسن کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث چاروں پولیس اہلکاروں کو انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حراست میں لے لیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں کے بیانات دوبارہ ریکارڈ کیے جائیں گے۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے احسن کے والد کاشف کا بھی ایم ایل او کرایا جائیگا۔ کاشف کا ایم ایل کرانے سے گولی کی ڈائریکشن معلوم کرنے میں مدد ملے گی۔ سی ٹی ڈی حکام نے عینی شاہدین کے بیانات بھی لینا شروع کر دیے ہیں۔
جائے وقوع سے ملنے والاخول اہلکار امجد کےاسلحہ سے میچ کر گیا تھا۔ جائے وقوع کے اطراف سے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔