حملہ ہونے پر ہی اہلکاروں کو جوابی فائرنگ کرنے کی اجازت ہے: آئی جی پنجاب

Last Updated On 20 May,2019 08:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈولفن فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے اہم ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اختیارات سے تجاوز یا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون کے جاں بحق ہونے کا واقعہ افسوسناک ہے۔

کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈولفن فورس کا مقصد سٹریٹ کرائم پر کنٹرول کرنا اور کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ صرف حملہ ہونے کی صورت میں ہی اہلکاروں کو جوابی فائرنگ کرنے کی اجازت ہے۔ اہلکار پٹرولنگ کے علاوہ کاروباری مراکز کی سکیورٹی کا بھی خیال رکھیں۔

اس موقع پر اجلاس میں ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفرنے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈولفن اہلکاروں کو سال میں چار ہفتوں پر مشتمل ریفریشر کورس کرایا جاتا ہے۔ ڈولفن فورس کی 277 بیٹس میں 2 ہزار 416 اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔