حافظ آباد میں ٹرک اور 2 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 19 May,2019 12:23 pm

حافظ آباد: (دنیا نیوز) حافظ آباد میں خانقاہ ڈوگراں روڈ پر ٹرک اور دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد خانقاہ ڈوگراں روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے سامنے سے آنے والی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کار قلابازی کھا کر سامنے سے آنے والی دوسری کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار سواروں میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے اور 4 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کیا جبکہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد منتقل کر دیں۔ جاں بحق ہونے والے نبیل، سلامت اور فیصل تینوں کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔