لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم دلفریب بنا دیا، روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
لاہور میں ابر کرم برسا جس کے بعد ٹھنڈی ہواؤں سے موسم دلکش ہو گیا۔ پیر محل، شور کوٹ، جھنگ اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے بادل آج بھی جڑواں شہروں میں چھلک سکتے ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں گھٹائیں چھائی رہیں گی۔ کراچی میں مطلع صاف ہے، بوندا باندی کا امکان نہیں، درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
مغربی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہونے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، قلات، لسبیلہ، زیارت، کوہلو سمیت بیشتر اضلاع میں ندلی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوئٹہ میں طوفانی بارش سے چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔ صوبے میں مزید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو الرٹ کر دیا گیا۔