فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور واقع سامنے آ گیا۔ نثار کالونی میں سات سالہ گھریلو ملازمہ ماریہ کو مالک اور اسکی اہلیہ کی جانب سے مبینہ طور پر بیہمانہ تشدد کانشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی کر دیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ بچی کو تحویل میں لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی۔
فیصل آباد میں کمسن گھریلو ملازمین کوتشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات نہ تھم سکے۔ تھانہ سمن آباد کے علاقہ نثار کالونی میں گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا ایک اور واقع سامنے آگیا۔ گھر کے مالک اویس اور اسکی اہلیہ سونیا کی جانب سے مبینہ طور پر سات سالہ گھریلو ملازمہ ماریہ کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسکے کان، بازوّں اور ٹانگوں پر گرم راڈز لگائے گئے جس سے اسکے اعضاء بھی جھلس گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ گھریلو ملازمہ مکوآنہ کی رہائشی ہے جسکی والدہ نے ایک سال قبل ملازمت کیلئے مالک مکان اویس کے گھر چھوڑ دیا تھا۔ جبکہ بچی کا زخمی حالت میں بازیابی کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرتے ہوئے انکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔