اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر اقتدار میں بیٹے کی باپ سے چار سو بیسی کا انوکھا واقعہ، گھر سے غائب ہو کر اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور والد سے بیس لاکھ روپے تاوان مانگ لیا۔ باپ نے مقدمہ درج کروا کے بیٹے کو گرفتار کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نوجوان کا والدین سے پیسے ہتھیانے کیلئے اغوا کا ڈرامہ سامنے آیا ہے جہاں اس نے گھر سے بھاگ کر اپنے ہی والد سے بیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔
انوکھا واقعہ تھانہ سہالہ کی حدود میں رونما ہوا۔ شمریز کو والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرائے جانے پر پشاور سے گرفتار کر لیا گیا۔ نوجوان نے والد کو چونا لگانے کے جُرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس نے ملزم شمریز کے خلاف ضابطہ کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے گی کہ شمریز نے والد سے پیسے ہتھیانے کی ناکام کوشش تنہا کی یا اس کے کوئی ساتھی بھی اس میں ملوث تھے۔