کراچی ایئرپورٹ پر لاکھوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام

Last Updated On 28 June,2019 09:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب گلشن اقبال مدھو گوٹھ میں ذاتی جھگڑے کے باعث پولیس اہلکار کی گولی سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

کراچی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 609 کے ذریعے دبئی جانے والی دو خواتین کو حراست میں لے لیا گیا۔ اے ایس ایف کے اہلکاروں نے تلاشی کے دوران خواتین سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا برآمد کر لیا۔

ایک خاتون مسافر سے ایک کلو اور 112 گرام کے سونے کے چھ عدد کڑے برآمد ہوئے جبکہ دوسری خاتون سے تلاشی کے دوران 650 گرام کے آٹھ سونے کے کڑے برآمد ہوئے۔ اے ایس ایف کے اہلکاروں نے دونوں مسافر خواتین سے تفتیش کے بعد مزید کارروائی کیلئے کسٹم کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب گلشن اقبال مدّو گوٹھ میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ زخمی 40 سالہ ابوبکر ولد محمد بّچل کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق پولیس اہلکار عبدالقیوم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس اہلکار عبدالقیوم گلشن اقبال ٹریفک سیکشن میں تعینات ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔