لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ائیرپورٹ پر قتل ہونے والے دو افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زین کی ہلاکت سر میں گولی لگنے سے ہوئی، زین علی کو چھاتی، پیٹ، بازو ، گردن اور سر پر فائر لگے، ٹیکسی ڈرائیور اکرم کو ٹھوڑی میں گولی لگی۔
ادھر 28 سالہ مقتول زین نفیس کے چچا محمد حفیظ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، تھانہ سرور روڈ میں زیر حراست 2 ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔
نامزد ملزمان میں ارشد علی، محمد شان، عمار بٹ، علی، دو نامعلوم ملزمان، مقتول بابر بٹ لکھو ڈیریا کے دو بھائی اسرار بٹ، قیصر بٹ شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بابر بٹ کے بھائیوں اسرار بٹ اور قیصر بٹ کی ایماء پر قتل کیا گیا ہے۔