لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر بڑی خونی واردات ہونے سے بچ گئی، خفیہ اطلاع پر 10 اسلحہ بردار افراد گرفتار کرلیے گئے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کے باہر سپیشل برانچ کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے بڑی خونی واردات ناکام بنا دی، پولیس نے 10 افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چند مشکوک افراد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر اسلحہ سمیت موجود ہیں جس پر کارروائی کی گئی۔
ملزمان دہشتگردی عدالت کی پارکنگ میں دھاک لگائے کھڑے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق 5 افراد عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ 3 اسلحہ سے لیس افراد پارکنگ میں موجود تھے، ملزمان کے قبضے سے 10 عدد پسٹل اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ملزمان کو حراست میں لینے کے بعد تھانہ ریس کورس منتقل کر دیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے افراد رنگ محل قتل اور بھاٹی قتل کیس میں پیشی کے لئے آئے تھے، ملزمان تھانہ بھاٹی میں درج 318/18 قتل کے کیس کی پیروی کے لئے آئے تھے، ملزمان میں محمود، ارشد اور ولید سمیت 10 ملزمان شامل ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کا تعلق اندرون شہر سے ہے اور ملزم پر حملہ کی منصوبہ کر رہے تھے۔