ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں پانی کے تنازع پر دو سگے بھائیوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن تھانہ چوہودان کے علاقے منگل میں پانی کھیتوں کو لگانے کے تنازع پر قوم پخہ خیل اور قوم مدوزئی کے درمیان فائرنگ ہوئی جس کی وجہ سے 7 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق قوم مدوزئی کے لوگ پہاڑی پانی کو لگانے کے لئے گئے تو قوم پخہ خیل نے لوگوں نے کہا کہ ابھی ہمارا وقت ہے جس پر قوم پخہ خیل نے قوم مدوزئی کے لوگوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں لطیف، احمد شاہ، حبیب اور عصمت جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد قیوم اور سلیم زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع پانے پر قوم مدوزئی کے مسلح افراد گئے اور فائرنگ کے تبادلے میں قوم پخہ خیل کے دو سگے بھائی ظاہر شاہ اور طاہر شاہ جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شاہد زخمی ہوا۔ آخری اطلاعات تک پولیس یا ریسکیو ادارے جائے واردات پر نہیں پہنچے اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کرتے رہے۔