لاہور: (دنیا نیوز) صمصام بخاری نے کہا ہے کہ اداروں پر تنقید کرنا مریم نواز کا وتیرہ ہے، ویڈیو کے فرانزک آڈٹ سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، نون لیگ عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تاریخ میں پہلی بار کوئی سزا یافتہ جلسے کر رہا ہے، پارٹی صدر کو نیوز کانفرنس میں سائیڈ لائن کیا گیا، مریم نواز کی پریس کانفرنس سے لگتا ہے کوئی بھارتی بول رہا ہے، گزشتہ روز فلاپ شو کی کوشش کی گئی، مریم نواز کے 2 بھائی مفرور ہیں، پریس کانفرنس میں وزیراعظم کیخلاف نا مناسب الفاظ استعمال ہوئے، نواز شریف اسمبلی میں کچھ فرماتے اور بعد میں مکر جاتے ہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیلئے فرانزک آڈٹ ہوگا۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا حدیبیہ کیس کرپشن کیسز کی ماں ہیں، رانا ثنا اللہ سے بہت کچھ نکلے گا، ن لیگ نے خود رانا ثنا اللہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی، کسی سے انتقام نہیں لیا جا رہا، سب کا احتساب ہوگا، اپنی کرپشن بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں، یہ لوگ عدلیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، جج پر کیسا دباؤ تھا، ایک میں سزا، دوسرے کیس میں بری کر دیا ؟ یہ تخت کی جنگ ہے۔