لاہور: (دنیا نیوز) شوہر کو بغیر اجازت دوسری شادی مہنگی پڑ گئی بغیر اجازت شادی کرنے پر 11 ماہ کی قید کی سزا سنا دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر شادی کرنے والے شوہر راشد کو 11 ماہ قید اور اڑھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ درخواست گزار خاتون نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شوہر نے مجھ سے جھوٹ بولا۔
خاتون نے موقف اپنایا کہ میری اجازت کے بغیر شوہر نے خفیہ شادی کی جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے شوہر راشد کو گیارہ ماہ قید اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ سزا سنائے جانے کے فوراً بعد پولیس نے مجرم راشد کو گرفتار کر لیا۔
فیصلے کے بعد شمیم بی بی کا کہنا تھا کہ شوہر راشد کو بہت کم سزا سنائی گئی ہے۔