لاہور: ( روزنامہ دنیا ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور کھیل ملک عمر فاروق میٹرک امتحانات میں فیل ہونے کے بعد پوزیشن ہولڈرز کی تقریبِ تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی بن گئے۔
فیصل آباد کے حلقہ پی پی 106 سے رکن صوبائی اسمبلی ملک عمر فاروق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور کھیل ہیں۔ ملک عمر فاروق نے رواں تعلیمی سال کیلئے فیصل آباد بورڈ میں میٹرک کے امتحان کیلئے پرائیویٹ طالب علم کے طور پر انرولمنٹ کرائی تھی تاہم وہ ہر پرچے میں غیر حاضر رہے اور فیل قرار پائے۔ میٹرک کے سالانہ نتائج میں ملک عمر فاروق خود تو غیرحاضری کی بنیاد پر فیل قرار پائے لیکن انہوں نے تعلیمی بورڈ کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز طلبا میں میڈلز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ بیرون ملک سے کاروبار چھوڑ کر قوم کیلئے کچھ کرنے آیا ہوں، یہ مشکل وقت ہے لیکن اس سے میرا حوصلہ مزید بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، میرا ویژن کچھ اور ہے ، تعلیم وہی ہے جو اخلاق اور ویژن میں نظر آئے۔