مظفر گڑھ: بیل گاڑی دریائے چناب میں اُلٹ گئی، دو خواتین جاں بحق

Last Updated On 21 July,2019 07:04 pm

مظفرگڑھ: (دنیا نیوز) مظفر گڑھ کے علاقے خان گڑھ کے قریب دریائے چناب میں بیل گاڑی الٹ گئی، بیل گاڑی میں سوار خواتین سمیت 9 افراد دریا میں گر گئے جس کے بعد دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

دنیا نیوز کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے خان گڑھ کے قریب دریائے چناب میں بیل گاڑی اُلٹ گئی جس کے بعد بیل گاڑی پر سوار خواتین سمیت 9 افراد دریا میں گر گئے، اس ناخوشگوار واقعہ میں دو خواتین اپنی زندگی کی بازی ہار گئیں۔

دوسری طرف 2 خواتین کو مقامی افراد نے بے ہوشی کی حالت میں دریا سے نکال لیا جبکہ 5 افراد اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، بے ہوش ہونیوالی خواتین کو رورل ہسپتال خان گڑھ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بیل گاڑی پر سوار افراد گھاس کاٹ کر دریائی علاقے سے واپس آرہے تھے کہ راستے میں دریا چناب میں گر گئے۔