کراچی: (دنیا نیوز) عید الاضحی کی آمد سے قبل ہی شہر قائد میں ڈاکوؤں کے گروہ سرگرم ہو گئے ہیں، اورنگی ٹاؤن میں 14 جانور چوری کر لیے گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق شہر میں عیدالاضحی پر رسہ گیر گروہ سرگرم ہو گئے ہیں، اورنگی ٹاون کے مختلف علاقوں سے دس روز میں قربانی کے 14 جانور چوری ہو گئے ہیں۔ صبح سویرے چور نے گلی میں بندھے اونٹ کو لے جانے کی کوشش کی ایک اونٹ کی رسی کھولی لیکن وہ نہ ہلا۔
ناکامی پر چور دوسرے اونٹ کو لے اڑا۔ شہریوں نے اونٹ چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، دنیا نیوز نے چوری کی وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور اونٹ کو کھول کر لے جا رہا ہے، شہریوں نے کچھ فاصلے پر چور کو پکڑ لیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اُدھر پولیس نے گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں بھی کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 7 پستول اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی گلشن شاہ نواز کے مطابق گرفتار ڈکیت کا سرغنہ پولیس اہلکار نکلا ہے، اہلکار واردات کیلئے اسلحہ ٹرانسپورٹ فراہم کرتا تھا، گرفتار پولیس اہلکار منان سپر مارکیٹ میں تعینات ہے۔