کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں چوری ڈکیتی کے واقعات تھم نہ سکے، انچولی کے علاقے سے قربانی کا بکرا چوری کر لیا گیا۔ نارتھ ناظم آباد میں بے خوف ڈاکووں نے نوجوان کو لوٹ لیا۔ رینجرز نے 400 سے زائد ڈکیتیاں کرنے والے دو ملزمان کو دھر لیا۔
کراچی کے شہریوں کی قربانی سے پہلے قربانی، لٹیرے ایسے بے لگام ہوئے کہ جانور ہی چوری کرنے لگے۔ انچولی کے علاقے میں فلاحی ادارے کے دفتر کے باہر سے دو ملزماں موٹر سائیکل پر بکرا رکھ کر لے اڑے۔ ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں لیکن ملزمان ہاتھ نہ آ سکے۔
ادھر نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں موٹرسائیکل پر سوار تین ملزمان نے گھر کے باہر بیٹھے نوجوان سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ بے خوف ڈاکووں نے نوجوان کو ڈرانے کیلئے فائرنگ بھی کی۔
دوسری طرف کورنگی نمبر 6 میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے چار سو سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو دھر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عبدالستار اور سلطان ڈکیتی، سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں جن سے اسلحہ، چھینی ہوئی موٹرسائیکل، اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔