ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی مویشی منڈی میں ڈاکؤوں کی لوٹ مار، فائرنگ سے پولیس اہلکار ایک بیو پاری اور دو بکرے بھی زخمی ہو گئے۔ ڈاکو سات بکرے اور پولیس اہلکار سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔
ملتان کی مویشی منڈی میں ڈاکو راج، پولیس بے بس ہو گئی، ڈاکوؤں کا گینگ کرولا گاڑی میں متی تل روڈ پر سجی عارضی مویشی منڈی پہنچا اور فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ایک بیوپاری اور دو بکرے زخمی ہوگئے۔ زخمی پولیس اہلکار اور بیوپاری کو تو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم بے زبان زخمی بکرے مرہم پٹی کے بعد منڈی میں ہی موجود ہیں۔ ڈاکو جاتے جاتے پولیس اہلکار کی سرکاری بندوق اور 7 بکرے بھی ساتھ لے گئے۔
بیوپاریوں نے لٹنے پر احتجاج کیا تو پولیس والوں نے جواب میں کہا ہم نے جانور لانے کا تو نہیں کہا تھا۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے وہ کوٹ ادو سے جانور لائے تھے۔ انہیں یہاں کوئی سیکیورٹی نہیں دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کاروائی شروع کر دی ہے۔