لاہور: (دنیا نیوز) عید الاضحی کی آمد سے قبل ہی صوبائی دارالحکومت میں بکرے چور گینگ سرگرم ہو گئے، ڈولفن پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے مویشی چور گینگ کو پکڑ لیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد بکرے خریدنے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف شہر میں چور گینگ سرگرم ہو گئے ہیں اطلاع ملنے پر بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ڈولفن پولیس اہلکاروں نے مویشی چوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈولفن پولیس کے مطابق مویشی چور گینگ کو پولیس مقابلے کے بعد سگیاں پل دریا کی پٹی پر سے گرفتار گیا ہے، دو ملزمان کو قانون نے دھر لیا جبکہ اسی دوران تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے پانچ بکرے، موبائل فونز، پک اپ وین، اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، پکڑے جانے والے ملزمان کے نام عابد اور طارق ہیں جنہیں تھانہ لوئر مال پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔