نارووال : (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے مبینہ طور پر نومولود بچے کو اغواء کرنے والی خاتون کو سکیورٹی گارڈز نے پکڑ لیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نارووال کے لیبر روم سے نامعلوم خاتون نومولود بچے کو کپڑے میں لپیٹ کر شاپر بیگ میں ڈال کر لے جا رہی تھی کہ ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے شک پڑنے پر خاتون کو ہسپتال کے مین گیٹ پر روک لیا اور شاپر بیگ چیک کرنے پر نومولود بچہ برآمد ہوا۔
ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے نومولود بچے اور مبینہ اغواء کار خاتون کو تحویل میں لے لیا ہے۔ اغواء کار خاتون رخسانہ بی بی کا کہنا ہے کہ اس نے بچہ ہسپتال کے واش روم سے اٹھایا ہے اور وہ گھر لے جا رہی تھی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی اطلاع سٹی پولیس نارووال کو دی جس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی۔