فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 100ج ب میں لین دین کے تنازع پر بہن نے بیٹوں کے ساتھ مل کر بھائی کو گرم سلاخیں لگا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 100 ج ب میں حقیقی بہن جلاد بن گئی۔ پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ارشاد بی بی نے اپنے بیٹوں کے ساتھ ملکر مبینہ طور پر اپنے بھائی ذوالفقار کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمہ نے مبینہ طور پر کال کر کے بھائی کو اپنے گھر بلایا اور ایک ماہ تک حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
متاثرہ شہری کو گرم سلاخوں، ڈنڈوں اور آہنی راڈز کا استعمال کرتے ہوئے شدید زخمی کر دیا گیا۔ متاثرہ شہری کے ورثاء کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ذوالفقار کے پاوں میں کیل بھی گاڑ دئیے تھے۔ پولیس کو معاملے سے متعلق متعدد بار شکایات کا اندراج کروایا گیا مگر پولیس ملزمان کے خلاف کاروائی کی بجائے اُلٹا ورثاء کو ہی ڈرانے دھمکانے میں مصروف ہے۔
متاثرہ خاندان نے پولیس کے اعلی حکام اور وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف تحقیقات کروا کر انہیں انصاف فراہم کریں۔