لاہور: (دنیا نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں بم دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیدیا۔
دنیا نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔ وائر لیس پیغام میں تمام ڈی پی اوزکو اپنے اپنے اضلاع میں حساس اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کو بڑھانے کا حکم دیدیا گیا۔
کیپٹن (ر) عارف نوا خان کا کہنا تھا کہ تمام ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکلیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ڈیوٹیز کو چیک کریں۔ تمام اضلاع میں حساس مقامات اور دینی عبادتگاہوں کے گردو نواح میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام پٹرولنگ فورسز بشمول ڈولفن اور پیرو کے پٹرولنگ کے اوقات کار بڑھائے جائیں۔ سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکار الرٹ ہو کر اپنے فرائض منصبی انجام دیں۔ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے۔