لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کل بروز جمعرات کو یوم سیاہ منانے کی تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ کشمیر پر قبضے کے حوالے سے عوام، حکومت اور پاک فوج سب نے بھارتی فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے لاہور میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین، قرار دادوں کی دھجیاں اڑادی ہیں، مودی نےثابت کر دیا وہ عالمی قراردادوں کے ساتھ مخلص نہیں۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ آج بھی یوم آزادی کی تقریبات میں پاکستان کیساتھ کشمیر کا جھنڈا لہرایا ہے، کل پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، بھارت نے کشمیریوں کے رابطے منقطع کر رکھے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پارٹیوں سے بالائے طاق ہو کر پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا لے کر مارچ کریں گے، اوور سیز پاکستانیوں سے بھی اپیل ہے وہ بھی بھرپوراحتجاج کریں۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ کل ہر ذی شعور پاکستانی کو یوم سیاہ میں شریک ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کاحصہ ہے۔
رہنما مجلس وحدت المسلمین نے کہا کہ کل یوم سیاہ پارٹی کی وابستگیاں بھلا کر منائیں گے۔