لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی، انھوں نے متعلقہ افسران کو غفلت یا کوتاہی پر فوری ایکشن کی وارننگ بھی دے ڈالی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے حکام، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے، سڑکوں یا گلی محلوں میں گندگی نظر نہیں آنی چاہئے۔ شہری انتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائے۔
عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہونے چاہئیں۔ افسران صفائی کے انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں اور اس حوالے سے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وزیراعلی نے وارننگ دی کہ غفلت یا کوتاہی پر ایکشن ہو گا، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔