لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مودی سرکار جنگی جنون کی آڑ میں تباہ کن اقدامات کر رہی ہے، بھارت کا یہ اقدام سیاہ دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گریٹر تھل کینال پراجیکٹ کا دوسرا مرحلہ (چوبارہ برانچ کینال سسٹم) شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک سے مالی معاونت لینے کی منظوری دی۔
اجلاس میں شوگر ملوں کیلئے ری ایلوکیشن پالیسی ختم کرنے کے فیصلے کی منظوری بھی دی گئی، اس فیصلے کے بعد شوگر ملوں کو کسی دوسرے علاقے میں منتقل نہیں کیا جا سکے گا۔