لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر انھیں مبارکباد دیتے ہوئے اسے اپوزیشن ٹولے کی شکست قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ سینیٹ کے ارکان نے صادق سنجرانی پر اعتماد کا اظہار کرکے اپوزیشن اتحاد کو مسترد کر دیا۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی آڑ میں ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کرنیوالے عناصر ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے ایوان کو احسن طریقے سے چلایا ہے اور ہمیشہ سیاسی رواداری کا بے مثال مظاہرہ کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی نے سینیٹ کی چیئرمین شپ کے عہدے کا حق ادا کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی تھی، ہے اور رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے وقت کی راگنی ثابت ہوئی۔ اپوزیشن کو اس ہزیمت کے بعد انتشار کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔